لنڈی کوتل سے 34 روز قبل اغوا ہونے والا تاجر بازیاب،17 ملزمان گرفتار
اغوا کاروں نے تاجر کی رہائی کے بدلے 3 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک
خیبر: لنڈی کوتل سے 34 روز قبل اغوا ہونے والے بزرگ تاجر محمد ظریف شینواری عرف لنڈے کو خیبر پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرا لیا۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد اور ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل عدنان آفریدی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مغوی تاجر کی بازیابی کے لیے پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور تکنیکی ذرائع بھی استعمال کیے۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس کی دن رات کی محنت اور تکنیکی مہارت کے نتیجے میں مغوی کو اغوا کاروں کے چنگل سے بحفاظت آزاد کرایا گیا۔ کارروائی کے دوران 17 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے تاجر کی رہائی کے بدلے 3 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈی پی او خیبر نے بتایا کہ مغوی کی بازیابی کے آپریشن میں خیبر پولیس کے ساتھ فرنٹیئر کور، خیبر رائفلز، ایف آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں نے بھی تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ مغوی تاجر کی بازیابی میں ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل عدنان آفریدی نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔