ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، فی کلو ریٹ 440 روپے تک پہنچ گیا
ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لیا جائے، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے۔شہریوں کا مطالبہ
فائل فوٹو
لاہور: اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا، جہاں گیس کی قیمت400 سے 440 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرکاری سطح پر ایل پی جی کی قیمت258 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں صارفین سے اس سے کہیں زیادہ رقم وصول کی جا رہی ہے۔
سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں بڑے فرق کے باعث شہری مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں زائد قیمت پر ایل پی جی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لیا جائے، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔