چارسدہ میں سوتنوں کا جھگڑا،ایک کلہاڑی کے وار سے قتل ، دوسری کی خود کشی

مقتولہ کے خاندان نے قانونی کارروائی آگےبڑھانے سے انکار کر دیا۔

September 10, 2026 · قومی

فائل فوٹو

چارسدہ :شبقدر میں دریاب کورونا کے مقام پر ایک دلخراش واقعے میں گھریلو تنازع پر ایک خاتون نے اپنی سوتن کو کلہاڑی کے وار سے قتل کرنے کے بعد خود بھی کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی ہے۔

ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین (تاج بیگم اور جمیلہ) نور تاج کی بیویاں تھیں، جن کا شوہر اس وقت روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔

گھر کے گھریلو اور خاندانی معاملے پر دونوں خواتین میں تلخ کلامی ہوئی، جس پر جمیلہ نے کلہاڑی کے وار سے تاج بیگم کو قتل کر دیا اور بعد میں گھر کے اندر موجود کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے خاندان نے اس معاملے پر کوئی قانونی کارروائی آگے بڑھانے سے انکار کر دیا ہے، تاہم حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔