انٹرنیشنل ٹی 20 ورلڈ لیگ کے پانچویں سیزن کا افتتاح،شعیب اختر اوربریٹ لی کی شرکت

دبئی میں تقریب، کرکٹ کے مستقبل اور خلیجی خطے میں کھیل کی ترقی پر گفتگو

September 10, 2026 · قومی

فائل فوٹو

دبئی میں ایک تقریب کے دوران انٹرنیشنل ٹی 20 ورلڈ لیگ (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کا افتتاح کردیا گیا، تقریب میں کرکٹ لیجنڈز بریٹ لی اور شعیب اختر بھی موجود تھے۔

دبئی میں ہونے والی تقریب میں نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی ایل ٹی 20 کے چیئرمین خالد الزرونی، لیگ کمشنر، آئی سی سی ڈائریکٹر ایسوسی ایٹس اور ای سی بی کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے حالیہ برسوں میں لیگ کی غیر معمولی ترقی پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے خاص طور پر اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٹورنامنٹ نے خلیجی خطے میں کرکٹ کے فروغ اور وسعت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تقریب میں نیوزی لینڈ کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر سائمن ڈول کی میزبانی میں خصوصی پینل ڈسکشن بھی ہوئی، جس میں کرکٹ، کھیل، کاروبار اور حکومت سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

شرکا نے خطے اور عالمی سطح پر کرکٹ کے بدلتے ہوئے منظرنامے اور کھیل کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سائمن ڈول نے بریٹ لی اور شعیب اختر کے ساتھ بھی خصوصی پینل ڈسکشن کی میزبانی کی، جس میں دونوں لیجنڈز نے متحدہ عرب امارات اور خطے کی کرکٹ پر آئی ایل ٹی 20 کے بڑھتے ہوئے اثرات پر گفتگو کی۔

دونوں سابق فاسٹ بولرز نے اپنے کھیل کے دنوں کی یادیں تازہ کیں اور اس دور کے دلچسپ واقعات بھی شیئر کیے جب وہ اپنی برق رفتار بولنگ کے ذریعے کرکٹ کی دنیا پر راج کرتے تھے۔