کرائے دار کی 2 بیویوں سے اجتماعی زیادتی کے 4 ملزمان مقابلے میں ہلاک
پشاور میں 9 ستمبر کو اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، مکان مالک بھی ملوث تھا
فائل فوٹو
پشاور کے نواحی علاقے رحمان بابا میں دو خواتین سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے سنگین مقدمے میں گرفتار چار ملزمان پولیس کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں مکان کا مالک بھی شامل تھا، جہاں متاثرہ خاندان کرائے پر رہائش پذیر تھا۔
پشاور پولیس کے مطابق گڑھی موسم خان میں رنگ روڈ کے قریب ایک گھر میں 9 ستمبر کی رات چار مسلح افراد داخل ہوئے تھے۔ ملزمان نے گھر میں موجود افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور گھر کے سربراہ، اس کی 11 سالہ بیٹی اور 8 سالہ بیٹے کو ایک کمرے میں رسیوں سے باندھ دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے گھر کے سربراہ کی 22 اور 27 سالہ دو اہلیہ کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے دوران ملزمان نے اہل خانہ کو خوف و ہراس میں مبتلا رکھا اور گھر کے سربراہ کو بھی شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں مکان کا مالک بھی شامل تھا۔ متاثرہ خاندان اس مکان میں کرائے پر رہائش پذیر تھا، جبکہ مکان مالک نے مبینہ طور پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات میں حصہ لیا۔
واردات کے بعد ملزمان متاثرہ خواتین کے موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے دوران کارروائی کرتے ہوئے چاروں مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے متاثرہ خواتین کے موبائل فون برآمد کیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے پاس سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پشاور پولیس کے ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا تھا کہ گرفتاری کے بعد ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی تھی اور انہیں جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب چاروں زیر حراست ملزمان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد زیر حراست ملزمان کو چھڑانا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم فائرنگ کے دوران گولیاں خود گرفتار ملزمان کو بھی لگیں، جس کے نتیجے میں چاروں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کرنے والے ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے مسلح افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ واقعے میں ملوث تمام افراد اور حملہ آوروں کا تعین کیا جاسکے۔