پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان خالد محمود 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان کی کامیاب ہاکی ٹیموں کا حصہ رہے۔
فائل فوٹو
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ خالد محمود 84 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
خالد محمود کے اہلخانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان کی کامیاب ہاکی ٹیموں کا حصہ رہے۔ وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی ٹیم میں شامل تھے، جہاں پاکستان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ وہ رائٹ آؤٹ کی پوزیشن پر کھیلتے تھے۔
انہوں نے 1966 کے ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ہاکی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں خالد محمود فاتح پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے، جس نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
1970 کے بینکاک ایشین گیمز میں بھی خالد محمود قومی ٹیم کا حصہ رہے اور پاکستان نے اس ایونٹ میں بھی سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
یوں خالد محمود نے بطور کھلاڑی 1964 کے ٹوکیو اولمپکس اور 1966 کے ایشین گیمز میں چاندی جبکہ 1968 کے میکسیکو اولمپکس اور 1970 کے بینکاک ایشین گیمز میں سونے کے تمغے حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیموں کی نمائندگی کی۔
کھیل کے میدان سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی خالد محمود پاکستان ہاکی سے وابستہ رہے۔ انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ قومی ٹیم کے منیجر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
خالد محمود کے انتقال پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن، ایشین ہاکی فیڈریشن اور پاکستان کی ہاکی برادری نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔