علی اسد گیلانی چین میں پاکستان کے نئے سفیر مقرر
چین میں موجودہ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اپنی مدتِ سفارت مکمل کرلی ہے اور وہ آئندہ ہفتے وزارت خارجہ میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔اسحاق ڈار
فائل فوٹو
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ علی اسد گیلانی چین میں پاکستان کے نئے سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اسحاق ڈار کے مطابق چین میں موجودہ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اپنی مدتِ سفارت مکمل کرلی ہے اور وہ آئندہ ہفتے وزارت خارجہ میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ علی اسد گیلانی اس سے قبل وزارت خارجہ میں مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ امید ہے کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم اور آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اسحاق ڈار نے خلیل ہاشمی اور علی اسد گیلانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔