وفاقی محکمۂ اکاؤنٹس میں 60 فیصد خالی ریگولر اسامیوں کےخاتمے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی روشنی میں نوٹیفکیشن جاری

September 11, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے 60 فیصد خالی سرکاری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ نافذ کر دیا۔ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی روشنی میں ایک سال یازیادہ مدت سے موجود 60 فیصد ریگولر اسامیوں کو ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام ابتدائی تقرری یا براہ راست بھرتی کے کوٹے کی خالی اسامیوں پر لاگو ہوگا۔تبادلے، تعیناتی اور ترقی کے لیے مختص اسامیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔

فیڈرل اکاؤنٹس آفسز کو اپنے ویکینسی روسٹرز پر نظرثانی اور ترقیوں کے کیسز اسی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

رائٹ سائزنگ کے اقدام کا مقصد سرکاری مشینری کا حجم کم کرنا، اخراجات میں کمی اور مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔