مریم نواز کی بیٹی کی گریجویشن،سرکاری طیارے کا استعمال اسمبلی میں زیر بحث

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری طیارے پر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

September 11, 2026 · قومی

فائل فوٹو

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے مبینہ استعمال کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں زیر بحث آگیا۔

اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص مان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ التوا میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارہ استعمال کیا گیا، جس پر تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

تحریکِ التوا میں سرکاری وسائل کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر میڈیا رپورٹس درست ہیں تو معاملے کی مکمل تفصیلات ایوان کے سامنے لائی جائیں۔

رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری طیارے کے استعمال کی قانونی اور انتظامی منظوری، اخراجات کی تفصیلات اور ادائیگی کے ذرائع سے متعلق وضاحت ایوان میں پیش کی جائے۔

تحریکِ التوا میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق معاملے پر ایوان میں بحث کی اجازت دی جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔