پٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹ نے کرائے بڑھا دیے
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی ناقابل قبول ہے۔اس صورتحال سے ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ملک شہزاد اعوان
فائل فوٹو
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا جاچکا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 8 سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ حکومتی یقین دہانیوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال 40 روز کیلئے مؤخر کردی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مسائل کے حل کیلئے 40 دن کا وقت مانگا تھا، تاہم یہ مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے والی ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں اور یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ پہیہ جام ہڑتال کی جاسکتی ہے۔