پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج کا تحریری حکم نامہ جاری
عدالت نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا سے آئندہ سماعت پر بیان حلفی بھی طلب کرلیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ کے بڑے بینچ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق کیس کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے حکم نامہ جاری کیا۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے ایڈووکیٹ جنرلز کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں،
جبکہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی سیاسی اجتماع کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
عدالت نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا سے آئندہ سماعت پر بیان حلفی بھی طلب کرلیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد آئندہ سماعت پر اپنے دلائل پیش کریں گے۔
عدالت نے واضح کیا کہ دیگر صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں۔
کیس کی آئندہ سماعت 14 ستمبر بروز پیر صبح 10 بجے مقرر کی گئی ہے۔