پنجاب حکومت کا نالہ لئی کے لیے خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ
نالہ لئی کی صفائی، حفاظت اور فلیش فلڈنگ کے خطرات کم کرنے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی میں نالہ لئی کی صفائی، نگرانی اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نالہ لئی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دی جائے گی۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نالہ لئی کی صفائی، حفاظت اور فلیش فلڈنگ کے خطرات کم کرنے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نالہ لئی کے تقریباً 9 کلومیٹر طویل گنجان آباد حصے میں مؤثر پٹرولنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ واسا کو ہدایت کی گئی کہ اپنے وسائل سے خصوصی فورس تشکیل دے کر جلد نگرانی کا عمل شروع کرے۔
بلال یاسین نے واضح کیا کہ صفائی کے بعد نالہ لئی میں دوبارہ کچرا پھینکنے یا کوڑا ڈمپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں نالہ لئی کے اطراف مستقل صفائی اور نگرانی کا نظام بنانے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ مقامی افراد، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ لئی میں کچرا پھینکنے والے افراد کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے شناخت کرکے فوری کارروائی کی جائے گی۔ مختلف مقامات پر نگرانی کا نظام بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ فلیش فلڈنگ کی صورتحال پر نظر رکھنے اور بروقت الرٹ جاری کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔
اس کے علاوہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ، گاد اور دیگر رکاوٹوں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ سیلابی خطرات کم کرنے کے لیے ماہرین کی مشاورت سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔