آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بحالی کا دوسرا مرحلہ، وزیراعظم نے تفصیلات بتادیں

مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس بحال کرنے کے ساتھ ضلع بھمبر اور ضلع میرپور میں بھی انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ریاست میں انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ وار بحالی کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کے مطابق آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں آئندہ دو روز کے دوران مزید علاقوں میں سروس بحال کردی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس بحال کرنے کے ساتھ ضلع بھمبر اور ضلع میرپور میں بھی انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ دیگر علاقوں کو بھی مرحلہ وار انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے وضاحت کی کہ ان کے گزشتہ بیان کو درست انداز میں پیش نہ کیے جانے کے باعث عوام میں مختلف توقعات پیدا ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انٹرنیٹ کی جزوی بحالی کے حوالے سے بات کی تھی، جس میں تعلیمی اداروں کا ذکر بھی شامل تھا، تاہم انہوں نے پورے آزاد کشمیر میں ایک ساتھ انٹرنیٹ مکمل بحال کرنے کی بات نہیں کی تھی۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت کیے جانے والے اقدامات میں عوام اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو شامل رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی متحرک ہیں۔ وزیراعظم نے عوام سے کچھ وقت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی توقعات سے بڑھ کر کام کرنے کی کوشش کرے گی۔