آئیسکو میں دو گھنٹے سے زائد لوڈ مینجمنٹ نہ کرنے کے احکامات
ریجن میں بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے تمام منظور شدہ سسٹم مینٹیننس شٹ ڈاؤن بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی حکومت اور وزارت توانائی کی ہدایات پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق نئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کی صورت میں کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ مینجمنٹ نہ کی جائے۔
آئیسکو کے مطابق ریجن میں بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے تمام منظور شدہ سسٹم مینٹیننس شٹ ڈاؤن بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی ترسیل برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چیف انجینئر آپریشن زاہد سلیم عثمانی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
آئیسکو حکام نے فیلڈ عملے کو صارفین کو بجلی کی ممکنہ حد تک بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور بجلی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آئیسکو نے واضح کیا کہ انفرادی نوعیت کی بجلی کی خرابی اور ٹرانسفارمر سے متعلق شکایات کو لوڈشیڈنگ تصور نہ کیا جائے۔ صارفین ایسی شکایات کی فوری اطلاع آئیسکو کی ہیلپ لائن 118 پر دے سکتے ہیں۔