پشاور میں مردہ بچیوں کی بے حرمتی کرنے والا افغان باشندہ گرفتار، سنسنی خیز انکشافات
شہریوں کی بروقت کارروائی، ملزم رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، متعدد وارداتوں کا اعتراف۔
پشاور پولیس پریس کانفرنس کے دوران مردہ بچیوں کی بے حرمتی میں ملوث گرفتار ملزم کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہی ہے۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر شیخان میں مردہ بچیوں کی لاشیں قبروں سے نکال کر ان کی بے حرمتی کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ ہولناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ملزم کو پانچویں واردات کے دوران مقامی افراد نے دبوچ لیا۔
ایس پی صدر فدا حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو واقعے کی اطلاع صبح ملی تھی، اور اس سے قبل قبرستان کے چوکیدار نے مقامی لوگوں کی مدد سے ملزم کو قابو کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 19 سالہ سلمان ولد افغان کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان کا رہائشی ہے اور حال ہی میں باڑہ قدیم میں مقیم تھا۔
پولیس ذرائع اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ بچیوں کی لاشیں قبروں سے نکالنے کے بعد انہیں صاف کرتا، کپڑے پہناتا اور پھر ان کے ساتھ گھناؤنے فعل کا ارتکاب کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اب تک 4 مردہ بچیوں کے ساتھ اس نوعیت کی زیادتی کر چکا ہے جبکہ پانچویں واردات کے دوران اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
پولیس حکام نے ان تمام قبرستانوں اور علاقوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں جہاں ملزم نے ماضی میں اس طرح کی وارداتیں کی تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم بارہویں جماعت پاس ہے اور کافی عرصے سے اس گھناؤنے فعل میں ملوث تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ممکنہ مکروہ کارناموں یا سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔