بہاولپور میں اے آئی سے والد کو زہردینے کاطریقہ پوچھنے والانوجوان گرفتار
این سی سی آئی اے نے بیرون ملک سے ملنے والی انٹیلیجنس اطلاع پر کارروائی کی
بہاولپور میں والد کو زہر دینے کی مبینہ کوشش پر 17 سالہ نوجوان گرفتار۔
اپنے والد کو زہر دینے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے طریقہ پوچھنے والا 17 سالہ نوجوان بہاولپور سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو بیرون ملک سے ملنے والی انٹیلیجنس اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق 17 سالہ ملزم نے مبینہ طور پر مقبول امریکی کرائم ڈراما سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ سے متاثر ہو کر گھر میں ایک لیبارٹری قائم کی، جہاں وہ اے آئی سے پوچھ کر زہر تیار کرنے کی کوشش کرتا رہا۔
ملزم نے آسٹریلیا اور اسلام آباد سے کیمیائی مواد منگوا کر زہر تیار کیا اور والد کو پہلی بار زہر دینے کی ناکام کوشش پر اے آئی سے دوبارہ رہنمائی مانگی۔
تاہم این سی سی آئی اے نے ملزم کو بیرون ملک سے ملنے والی انٹیلیجنس اطلاع پر گرفتار کرلیا۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی ہدایت پر کی گئی۔