احسن اقبال کی طرف سے دوران سفرگاڑی روک کر خواتین پولیس کمانڈوز کی ستائش اور حوصلہ افزائی۔ وڈیو وائرل

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہماری خواتین کا معاشی و سماجی کردار نہایت اہم ہے،ٹویٹ

September 24, 2026 · امت خاص

تصویر: سوشل میڈیا

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال سیکیورٹی پر تعینات خواتین پولیس کمانڈوز کو دیکھ کر گاڑی سے نیچے اتر آئے ۔سوشل میڈیاپر وائرل وڈیومیں دیکھاجاسکتاہے کہ سفرکے دوران احسن اقبال ایک جگہ رکے گئے ، وہاں ایلیٹ پولیس وین موجودتھی اور خواتین پولیس اہل کار ڈیوٹی دے رہی تھیں۔

وفاقی وزیر گاڑی سے نیچے اترے اور خواتین اہل کاروں کی حوصلہ افزائی کی۔مختصر گفتگوکے بعد لیڈی کمانڈوزنے احسن اقبال کے ساتھ تصویر بنوائی۔

اس ملاقات کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے لکھاکہ اپنے ملک کی خواتین کو فرنٹ لائن پر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھاتے دیکھ کر بے حد خوشی اور فخر محسوس ہوا۔

احسن اقبال کا کہناتھاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہماری خواتین کا معاشی و سماجی کردار نہایت اہم ہے۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا سازگار اور بااختیار ماحول تشکیل دیں جہاں خواتین آگے بڑھ سکیں، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں، ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں اور پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے ستارے کی طرح جگمگا سکیں۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان، تب ہی ممکن ہے جب اس کی خواتین کو بھی آگے بڑھنے کے برابر مواقع حاصل ہوں۔