صدر آزادکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کاسیاسی کیریئر اوراہم عہدوں پر ایک نظر
پانچ مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن، صحت، تعلیم،آئی ٹی،خزانہ اور منصوبہ بندی کے قلمدان سنبھالے
آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان
آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان طویل سیاسی و پارلیمانی تجربہ رکھتے ہیں اور ریاستی حکومت میں مختلف اہم وزارتوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی کے علاقے پلندری سے ہے۔ وہ 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی۔
ان کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے ہے۔ ان کے والد کرنل محمد نقی خان آزاد کشمیر کے وزیر صحت و خوراک اور قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے، جبکہ ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو ’’بابائے پونچھ‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
والد کے انتقال کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی نے 1990 کی دہائی میں عملی سیاست کا آغاز کیا۔ وہ 1991 سے 1996 تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور اس دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و منصوبہ بندی و ترقیات کے فرائض انجام دیے۔
1996 سے 2001 تک وہ قانون ساز اسمبلی کے رکن اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن رہے، جبکہ 2001 سے 2006 تک آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔
2006 سے 2011 تک وہ دوبارہ قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور وزیر صحت، تعلیم اور آئی ٹی کے قلمدان سنبھالے۔ 2011 سے 2016 تک وہ ایک بار پھر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن رہے۔
2016 کے عام انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 21 سدھنوتی پونچھ سے 25 ہزار 732 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ 2016 سے 2021 تک وہ آزاد کشمیر حکومت میں وزیر صحت اور وزیر خزانہ رہے، جبکہ ترقیاتی و منصوبہ بندی کا قلمدان بھی ان کے پاس رہا۔
ڈاکٹر نجیب نقی صحت، تعلیم، آئی ٹی، خزانہ اور منصوبہ بندی سمیت مختلف شعبوں میں حکومتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مختلف ادوار میں پانچ مرتبہ رکن رہے، جبکہ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
2026 کے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے انہیں حلقہ پلندری سے ٹکٹ جاری کیا تھا، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس حلقے میں انتخابی عمل مکمل نہ ہو سکا۔
حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے انہیں صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔ پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے خود ڈاکٹر نجیب نقی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے 32 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ یوں ڈاکٹر نجیب نقی خان آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے۔