خیبرپختونخوا سے یوٹیوبرز کو ملنے والے مبینہ فنڈز کی تفصیلات افشا، صدیق جان، دیگر شامل
5 کروڑ روپے مختص کیے گئے- اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہاؤس میں کمرے بھی دیئے گئے ہیں
بابر اعظم ننھے مداح سے ملنے پہنچ گئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل( فوٹو سوشل میڈیا ایکس)
خیبرپختونخوا کے صحافی عرفان خان نے وزیر اعلیٰ سوشل میڈیا ٹیم کے لیے مختص کردہ 5 کروڑ روپے کے فنڈز اور تنخواہوں کی مبینہ تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جن میں اسلام آباد کے صحافیوں اور یوٹیوبرز کے نام بھی شامل ہیں۔ تاہم اس دستاویز کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
اس انکشاف کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا ٹیم اور یوٹیوبرز کو دی جانے والی مراعات بحث کا مرکز بن گئی ہیں۔
مبینہ دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سوشل میڈیا سیل کے لیے 50 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے جو کہ موجودہ سوشل میڈیا یوٹیوبرز اور ٹیم کے اراکین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
دستاویز میں یار محمد نیازی اور عثمان ظہیر کی ماہانہ تنخواہ 300,000 روپے بتائی گئی ہے جنہیں سرکاری گاڑی بمعہ پیٹرول اور رہائش بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عمر فاروق کو 100,000 روپے تنخواہ دی جا رہی ہے جب کہ ذاکر آفریدی اور وسیم وزیر کی تنخواہ 50,000 روپے ہے اور انہیں سرکاری موٹرسائیکل دی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق نعمان افضل کی تنخواہ 200,000 روپے ہے اور انہیں سرکاری گاڑی و رہائش ملی ہے، جب کہ عابد آفریدی، صادق آفریدی، نعمان جی اور انور آفریدی کو بھی مختلف مراعات کے ساتھ 100,000 روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔
مزید برآں، دستاویز کے مطابق حسنین رفیق کا ماہانہ پیکیج 100,000 روپے ہے اور انہیں سرکاری رہائش، گاڑی بمعہ پیٹرول کی سہولت دی گئی ہے۔ اسی طرح صدیق جان کو 100,000 روپے ماہانہ پیکیج اور اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہاؤس کے کمرہ نمبر 12 کی رہائش دی گئی ہے۔ آغا سرور اور کیمرہ مین نیا پاکستان کو 50,000 روپے ماہانہ تنخواہ اور پرائیویٹ موٹرسائیکل دی گئی ہے، جبکہ رضوان غازی کو 100,000 روپے ماہانہ پیکیج اور خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے کمرہ نمبر 13 کی رہائش فراہم کی گئی ہے۔