نیپال میں3روزہ بارشوں سے تباہی،30ہلاکتیں۔ پہاڑ ٹوٹ کر گرنے کا خوفناک منظر وائرل

18 لاپتہ۔لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال

September 28, 2026 · امت خاص

تصویر : سوشل میڈیا

 

نیپال میں مٹی کے ایک بڑے تودے (لینڈ سلائیڈ) کے گرنے سے اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک پہاڑ کا پورا حصہ کالی گنڈکی ندی میں جا گرا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک خوفناک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑ کا حصہ چند ہی سیکنڈوں میں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا، خوفزدہ مقامی لوگ چیخ و پکار کرتے ہوئے اس ملبے کو نیچے کی طرف بہتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ اس ڈرامائی منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چٹانوں اور مٹی کے بڑے بڑے حصے ٹوٹ کر ندی میں گر رہے ہیں، جس سے دھول کا ایک بہت بڑا غبار اٹھ رہا ہے۔

یہ واقعہ تین روز کی مسلسل اورموسلادھار بارشوں کے بعدپیش آیا، جس نے کئی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اس دوران کم از کم 30 افراد ہلاک اور 18لاپتہ ہو چکے ہیں، متعدد مکانات، سڑکیں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ واقعہ نیپال کی کالی گنڈکی وادی میں پیش آیا۔ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، اور پہاڑ گرنے کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
پہاڑ کا بڑا حصہ محض چند سیکنڈوں میں کالی گنڈکی ندی میں گرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

 

مذکورہ وادی جو ماناگ (Manang) ضلع کا صدر مقام چامے(Chame) ہمالیہ کے علاقے میں مارسیانگڈی (Marsyangdi) ندی کے کنارے واقع ہے۔

سوشل میڈیا پر اس تباہی کی کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پہاڑی کا بڑا حصہ تیزی سے نیچے گر رہا ہے، ملبے کو نیچے کی طرف بڑھتا دیکھ کر مقامی لوگوں کی چیخیں سنی جا سکتی ہیں۔

باغلونگ کے علاقے گالکوٹ میں پانی کے تیز بہاؤسے ایک سرکاری عمارت بھی بہہ گئی ہے۔

نیپال کو 26 اگست کو آنے والے اچانک سیلاب (فلیش فلڈز) کے ایک مہینے سے بھی کم وقت کے اندر اس دوسری بڑی قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تین روز کی موسلا دھار بارش نے لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس سے گھروں، سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

منانگ میں برفانی تودہ گرنے سے 2 کوہ پیما ہلاک ہو گئے ہیں۔ 160 سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں؛ منانگ کے علاوہ میاگدی،پربت اور پالپا شدید بحران کا سامنا ہے۔

ٹیگز: