شرائط میں بڑی تبدیلی، فیس بک اور انسٹاگرام پر اپ لوڈ مواد کا لائسنس میٹا کو حاصل
میٹا نے اے آئی سے متعلق پالیسی واضح کردی، غلطی کی ذمہ داری اکاؤنٹ ہولڈر کی ہوگی
شرائط میں بڑی تبدیلی، فیس بک اور انسٹاگرام پر اپ لوڈ مواد کا لائسنس میٹا کو حاصل
فیس بک اور انسٹاگرام کی بنیادی کمپنی میٹا نے اپنی تجارتی شرائط میں اہم تبدیلیاں نافذ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر کاروباری مقاصد کے لیے اپ لوڈ کی جانے والی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر تجارتی مواد کے استعمال کا باقاعدہ لائسنس کمپنی کو حاصل رہے گا۔
نئے قواعد کے مطابق اگرچہ مواد پر بنیادی حق صارف ہی کا برقرار رہے گا، لیکن میٹا کو یہ مکمل اختیار حاصل ہو چکا ہے کہ وہ اس مواد کو دنیا بھر میں دکھانے، اس میں ردوبدل کرنے، اس سے نیا مواد تیار کرنے اور اپنی مصنوعات، سروسز اور تحقیقی کاموں کو بہتر بنانے کے لیے بلا روک ٹوک استعمال کر سکے۔ اس شق کا اطلاق ہر اس ادارے، دکاندار اور مشتہر پر ہوگا جو فیس بک پیجز چلاتے ہیں، اشتہارات دیتے ہیں یا میٹا بزنس سوٹ اور کیٹلاگ جیسے ٹولز استعمال کرتے ہیں۔
اسی پالیسی کے تحت کمپنی نے صارفین کی متعلقہ ویب سائٹس اور یو آر ایلز سے خودکار بوٹس اور کرالرز کے ذریعے معلومات اور ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت بھی حاصل کر لی ہے، جسے میٹا اپنے کمپیوٹر سسٹمز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کرے گا۔
مزید برآں، میٹا نے یہ بھی باور کرایا ہے کہ اگر اس کے جنریٹو اے آئی ٹولز کی مدد سے تیار کردہ اشتہاری یا تجارتی مواد میں کوئی غلطی یا نقص سامنے آتا ہے تو اس کے نتائج اور تمام تر قانونی ذمہ داری صارف پر عائد ہوگی۔ کمپنی کے مطابق اگر کاروباری صارفین میٹا کے پلیٹ فارمز پر اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ تصور کیا جائے گا کہ انہوں نے ان تمام تر شرائط کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔