مکہ میں چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کامسحورکن فلکیاتی نظارہ

فلکیاتی نظارہ، رواں سال کا دوسرا موقع، قبلہ کے تعین میں مدد ملے گی

October 5, 2026 · امت خاص
مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے اوپر دکھائی دینے والے چاند کا فلکیاتی منظر

مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے اوپر دکھائی دینے والے چاند کا فلکیاتی منظر

 

مکہ مکرمہ میں ایک منفرد اور مسحور کن فلکیاتی نظارہ اس وقت دیکھا گیا جب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر دکھائی دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق رواں برس یہ دوسرا موقع ہے جب چاند اس طرح خانہ کعبہ کے اوپر نظر آیا ہے جسے مکہ مکرمہ میں موجود شہریوں اور زائرین نے براہ راست دیکھا۔

جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ کے مطابق چاند مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 50 منٹ اور 31 سیکنڈ پر اپنی انتہائی بلندی پر پہنچا جبکہ پاکستان میں اس وقت صبح 9 بج کر 50 منٹ ہو رہے تھے۔ اس مرحلے پر چاند تقریباً 89.87 ڈگری کے زاویے پر تھا، جس کے باعث مکہ مکرمہ سے دیکھنے والوں کو یہ خانہ کعبہ کے عین اوپر محسوس ہوا۔

ماہرین کے مطابق یہ منظر انسانی آنکھ سے بھی باآسانی دیکھا گیا، تاہم صبح کے وقت سورج کی روشنی موجود ہونے کے باعث چاند رات کی نسبت قدرے مدھم دکھائی دیا۔ فلکیاتی ماہر کا کہنا ہے کہ چاند کی یہ پوزیشن نہ صرف ایک خوبصورت منظر ہے بلکہ یہ ایک قدرتی رہنما کا کام بھی کرتی ہے، اور دور دراز علاقوں کے مسلمان افق پر چاند کی اس پوزیشن کو قبلہ کی سمت کا تعین کرنے کے لیے بصری رہنما کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔