خیبرپختونخواحکومت غلط پالیسی کاحصہ نہیں بنے گی،طاقتوروں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا،سہیل آفریدی کا کرک میں خطاب

لانگ مارچ کا دائرہ کار، کرک میں جلسے سے خطاب، آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا، صوبے کے فیصلے یہیں ہوں گے

October 5, 2026 · قومی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کر رہے ہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کر رہے ہیں

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کسی بھی غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی اور انہوں نے طاقتور حلقوں کو دوٹوک انداز میں ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ کرک سے روانگی کے موقع پر جیل چوک میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے پر جو دہشت گردی مسلط کی گئی ہے، وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایک بار پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، لوگوں کے کاروبار تباہ اور انہیں بے گھر کیا جا رہا ہے جبکہ صوبے میں ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملے ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے بے گناہ عوام، پولیس اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تنقید کی کہ بند کمروں کے فیصلہ سازوں نے ملک پر ایک ایسی پارٹی مسلط کی ہے جس کی قیادت کا کہنا ہے کہ اسے دیگر صوبوں سے خطرہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک ہم اور ہماری نسلیں زندہ ہیں، ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان دلیری سے قید کاٹ رہے ہیں اور وہ ملک کو موجودہ دلدل سے نکالنے اور اداروں کا وقار بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لانگ مارچ کے سلسلے میں پاکستان کے کونے کونے سے لوگوں کو صوابی پہنچنے کی ہدایت کی جا چکی ہے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔