لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کاانکشاف
579 سنگین مقدمات درج، کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی ہوگی
251 اڈوں پر اسکریننگ کے دوران 347 ڈرائیورز کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آگیا۔
لاہور میں حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں تاہم کئی مقدمات درج ہیں اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق لاہور میں 251 گڈز اور مسافر بس اڈوں پر اسکریننگ کے دوران 2,562 گاڑیوں اور 2,580 ڈرائیورز کا ڈیٹا چیک کیا گیا۔ اس دوران 1,511 ڈرائیورز کے کرائم ریکارڈ کی جانچ کی گئی، جن میں سے 347 ڈرائیورز مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نکلے۔
کریمنل ریکارڈ آفس کے مطابق جرائم میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف مجموعی طور پر 579 سنگین مقدمات درج ہیں۔ ایک ڈرائیور کے خلاف 27 جبکہ دوسرے کے خلاف 25 مقدمات درج ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ جرائم میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کے ساتھ ان کا ریکارڈ متعلقہ تھانوں کو بھجوایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق دیگر ڈرائیورز کا ڈیٹا جمع کرنے کے لیے اڈا مالکان سے رابطے میں ہیں۔ مستقبل میں ٹریفک پولیس کمرشل گاڑی کے ڈیٹا کے ساتھ ڈرائیور کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کرے گی۔