ادب کا نوبیل انعام 13 سال بعد پھر کینیڈین خاتون کے نام

سوئیڈش اکیڈمی کے مطابق این کارسن نے عصری ادب کی نئی اقسام تشکیل دیں

October 8, 2026 · امت ادب

کینیڈین شاعرہ اور مضمون نگار این کارسن، جنہیں 2026 کا ادب کا نوبیل انعام دیا گیا۔

2026 کے لیے ادب کا نوبیل انعام شاعرہ اور مضمون نگار این کارسن کے نام رہا۔یہ اعزاز حاصل کرنے والی وہ دوسری کینیڈین خاتون ہیں۔

سوئیڈش اکیڈمی کی جانب سے کینیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون کو ادب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ نوبیل انعام کے فاتح کا فیصلہ 18 رکنی سوئیڈش اکیڈمی کرتی ہے اور عموماً اس مقصد کے لیے کسی مصنف کے زندگی بھر کے کام مدنظر رکھا جاتا ہے۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق این کارسن نے اپنے بے باک اور زندگی بھر کے کام سے عصری ادب کی نئی اقسام کو تشکیل دیا۔

سوئیڈش اکیڈمی کی سیکرٹری Ingrid Carlberg نے کہا کہ جب ہم نے اس انعام کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے این کارسن سے رابطہ کیا تو وہ آئس لینڈ میں ہواؤں کی آواز سن رہی تھیں۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پیدا ہونے والی این کارسن قدیم یونانی اور رومی ادب کی کہانیوں اور خیالات کو شاعری، مضامین اور فکشن میں مدغم کر دیتی ہیں۔ان کی کتابوں میں Eros the Bittersweet، آٹو بائیوگرافی آف ریڈ، مین ان دی آف آور اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

اس انعام کے ساتھ انہیں ایک کروڑ 20 لاکھ سوئیڈش کرونا بھی دیے جائیں گے۔

گزشتہ سال ہنگری کے مصنف لازلو کرسز ناہور نے ادب کا نوبیل انعام جیتا تھا۔

قبل ازیں رواں ہفتے 5 اکتوبر کو طب، 6 اکتوبر کو فزکس ، 7 اکتوبر کو کیمسٹری کے شعبے کے نوبیل انعامات کا اعلان کیا گیا تھا۔

امن کے نوبیل انعام کا اعلان 9 اکتوبر، معیشت کا نوبیل انعام 12 اکتوبر کو دیا جائے گا۔

قبل ازیں ،ایلس منرو نے 2013 کا ادبی نوبیل انعام جیتا۔