پشاور میں 6.2 ارب روپے کے فلائی اوور منصوبے کی تعمیر شروع
وزیراعلیٰ نے سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی رنگ روڈ جی ٹی روڈ انٹرسیکشن پر لیول ٹو فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ فائل فوٹو
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رنگ روڈ جی ٹی روڈ انٹرسیکشن پر لیول ٹو فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
منصوبے کے تحت 640 میٹر طویل دو لین ڈوئل کیرج وے فلائی اوور 6 ارب 20 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبے میں 4.5 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ فلائی اوور انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں واضح بہتری آئے گی۔ پشاور کی بحالی کے 200 ارب روپے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے، جبکہ آؤٹر رنگ روڈ پر کام کا بھی جلد افتتاح کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے اور ان کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے بھی تعمیر ہوگی، جبکہ رواں سال ترقیاتی کاموں کا سال ہوگا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی قوتیں ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے بات کرتی ہیں، ہم نے نو ماہ انتظار کیا ہے۔ ہمارا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے علاج کا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج کا مطالبہ غیر آئینی یا غیر قانونی کیسے ہے؟ عدالتوں اور ججز کے احکامات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کی دھمکیوں سے ڈرایا جا رہا ہے، معاملات اب باتوں سے آگے نکل چکے ہیں اور ردعمل ان کی طرف سے نہیں بلکہ عوام کی جانب سے آئے گا۔ جمہوری ملک میں کوئی غیر جمہوری اقدام کرے گا تو عوام ردعمل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، ہماری صفوں میں اتحاد ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے غیر آئینی اجلاس بلایا۔ ہماری لڑائی ان سے نہیں جنہیں سامنے لایا گیا بلکہ ان لوگوں سے ہے جو انہیں لے کر آئے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ فوجی آپریشن نہیں ہونا چاہیے اور آپریشن کی تجویز پر بھی ان کا یہی مؤقف ہوگا۔