پاکستان کا سعودی عرب سے دفاعی تعاون- ایران نے اجیت دوول سے رابطہ کرلیا

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کا بھارتی قومی سلامتی کے مشیر سے ٹیلی فونک گفتگو

October 14, 2026 · امت خاص

یمن کے حوثیوں کی طرف سے خطرات کا سامنے کرنے والے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دفاعی تعاون کے دوران ایران نے بھارت سے رابطہ کیا ہے۔ایران کی سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اعلیٰ ترین عہدیدار ڈاکٹر محسن رضائی نے بھارتی مشیر سلامتی اجیت دوول سے گفتگو کی ہے وہی اجیت دوول جو پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں برسوں سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس رابطے کا اعلان بھارت میں ایرانی سفارتخانے نے کیا۔

ایرانی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر محسن رضائی نے آج شام جمہوریہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شری اجیت دوول کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو کی۔

سفارتخانے نے کہا کہ اس بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔