پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے تاریخی سنگ میل ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

یہ معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ عزم کا اظہار ہیں۔

October 16, 2026 · اہم خبریں, قومی

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے تاریخی سنگ میل ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ عزم کا اظہار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان آمد اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور موجودہ ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ مشکل اور اہم مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کو دوطرفہ تعلقات کی اہم پیش رفت قرار دیا۔

وزیراعظم کے مطابق ان معاہدوں سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔