پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

ماہانہ بنیاد پر آئی ٹی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی برآمدات ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں ،اسٹیٹ بینک

October 16, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ستمبر میں سالانہ بنیاد پر 19 فیصد اضافے کے بعد 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 9 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ماہانہ بنیاد پر آئی ٹی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی برآمدات ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

مرکزی بینک کے مطابق گزشتہ سال ستمبر سے رواں سال ستمبر تک آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال کے دوران آئی ٹی برآمدات 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 80 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔

حکومت نے اڑان پاکستان پلان کے تحت مالی سال 2028-29 تک آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

دوسری جانب ستمبر 2026 میں پاکستان کا درآمدی بل 6 ارب 50 کروڑ ڈالر رہا، جو ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں درآمدی بل 5 ارب 85 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برآمدات کا مجموعی حجم 8 ارب 45 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدی بل 13 فیصد اضافے کے بعد 19 ارب 21 کروڑ ڈالر ہوگیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درآمدات کا مجموعی حجم 16 ارب 97 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یوں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات کے ساتھ درآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم درآمدی بل برآمدات کے مجموعی حجم سے نمایاں طور پر زیادہ رہا۔