ٹیسلا نے اڑنے والی روڈسٹر اسپورٹس کار متعارف کرا دی، پیداوار 2028 میں شروع ہوگی

انوکھا مظاہرہ، اسپیس ایکس ٹیکنالوجی کا استعمال، پیداوار میں تاخیر کا سامنا

October 16, 2026 · اہم خبریں
ٹیسلا کی نئی اڑنے والی روڈسٹر اسپورٹس کار کا مظاہرہ

ٹیسلا کی نئی اڑنے والی روڈسٹر اسپورٹس کار کا مظاہرہ

امریکی الیکٹرک وہیکل کمپنی ٹیسلا نے اپنی نئی نسل کی روڈسٹر اسپورٹس کار کی باضابطہ رونمائی کر دی ہے، جس نے حالیہ لائیو تقریب کے دوران مختصر طور پر فضا میں بلند ہو کر کرتب دکھانے اور دوبارہ زمین پر محفوظ طریقے سے اترنے کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ اس حیرت انگیز گاڑی کو معروف خلائی کمپنی اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔

ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کے مطابق یہ گاڑی انتہائی جدید کمپریسڈ ایئر تھرسٹرز اور تقریباً 10 نوزلز پر مشتمل الٹرا ہائی پریشر ایئر ٹینکس کے نظام سے لیس ہے، جو اسے زمین سے بلند ہونے اور فضائی گردش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ تقریب کے دوران بغیر ڈرائیور کے پیش کی جانے والی اس گاڑی نے ریمپ پر الٹی سمت میں حرکت کرنے، ہوا میں چھلانگ لگانے اور دورانِ پرواز گھومنے کے بعد بغیر کسی نقصان کے لینڈنگ کا عملی مظاہرہ کیا۔

کمپنی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ یعنی تقریباً 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 0.81 سیکنڈ میں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ یعنی 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد بتائی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ گاڑی تاحال روایتی طیارے یا ہیلی کاپٹر کی طرح مسلسل اور طویل پرواز کرنے کی صلاحیت کا عملی ثبوت پیش نہیں کر سکی، تاہم اسے ٹیسلا کی شاندار انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس نئی روڈسٹر کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کی ڈیلیوری کا آغاز 2020 میں کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم مختلف تکنیکی وجوهات اور دیگر رکاوٹوں کی بنا پر یہ منصوبہ متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔ اب کمپنی کے مطابق اس کی باضابطہ پروڈکشن کا آغاز سال 2028 میں متوقع ہے۔