کراچی میں سعودی عرب سے آنے والا نوجوان اغوا کے بعد قتل، کزن گرفتار

اہم پیش رفت، اے وی سی سی پولیس نے ملزمان کو دبوچ لیا، لاش برآمد، ہوشربا انکشافات۔

October 16, 2026 · اہم خبریں
مقتول زین العابدین کا اغوا اور قتل کا معمہ حل، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا

مقتول زین العابدین کا اغوا اور قتل کا معمہ حل، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے اغوا ہونے والے 23 سالہ نوجوان زین العابدین کی لاش ایک بوری سے برآمد کر لی گئی ہے۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اور ملیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے پھوپھی زاد بھائی اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا ہے، جنہوں نے دورانِ تفتیش سنگین انکشافات کیے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول زین العابدین کچھ عرصہ قبل ہی والدین سے ملاقات کے لیے سعودی عرب سے پاکستان آیا تھا اور اسے آئندہ چند ہفتوں میں واپس جانا تھا۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو اغوا برائے تاوان کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی اور مغوی کے والد کی مدعیت میں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دستاویزی شواہد اور پولیس تفتیش کے مطابق ملزمان نے اغوا کے بعد فیملی پر دباؤ بڑھانے کے لیے مبینہ طور پر پانچ لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا اور سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان کا ہاتھ کاٹ کر مقتول کے گھر کے باہر پھینک دیا تھا۔

تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اصل معاملہ اغوا برائے تاوان کا نہیں بلکہ ذاتی تنازعے کا تھا۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق مقتول اور مرکزی ملزم کے پاس مبینہ طور پر کچھ نازیبا ویڈیوز موجود تھیں جو تنازعے اور بعد ازاں اس اندوہناک قتل کی اصل وجہ بنیں۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے گلشن حدید اور بن قاسم کے علاقوں سے لاش برآمد کر کے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی ہے۔ واقعے پر مقتول کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔