ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.38 فیصد ریکارڈ، بڑی صنعتوں کی ترقی میں بھی اضافہ

اعداد و شمار جاری، مہنگائی میں معمولی کمی ہوئی، صنعتی شعبے کی کارکردگی بہتر ہوئی۔

October 16, 2026 · اہم خبریں
وفاقی ادارہ شماریات کی عمارت اور مہنگائی کے اعداد و شمار کا جائزہ۔

وفاقی ادارہ شماریات کی عمارت اور مہنگائی کے اعداد و شمار کا جائزہ۔

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹس کے مطابق ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.38 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بھی سالانہ بنیادوں پر 0.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 75.19 فیصد، ایل پی جی 68.95 فیصد اور بجلی کے چارجز میں 58.59 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران پیٹرول 49.6 فیصد، ڈیزل 43.98 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 35.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مرغی کا گوشت 20.77 فیصد، مٹن 14.09 فیصد اور بیف 12.27 فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر سستی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر 63.65 فیصد، آلو 39.93 فیصد اور چینی 23.2 فیصد سستی ہوئی۔

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.04 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جس دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیا سستی اور 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے دال چنا 4.97 فیصد، آٹا 3.36 فیصد اور مرغی کا گوشت 3.31 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ٹماٹر 23.05 فیصد اور پیاز 4.90 فیصد سستے ہوئے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ایک سال کے دوران 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نئے مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران مجموعی کارکردگی میں 1.9 فیصد بہتری آئی۔ آٹو سیکٹر کی پیداوار میں 11.7 فیصد، پیٹرولیم سیکٹر میں 31.9 فیصد اور ملبوسات کی صنعت میں 10.9 فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی۔