تحریک انصاف پر بطور جماعت پابندی عائد کی جائے گی، فیصل واوڈا کا دعویٰ
سابق وزیر کا بیان، پی ٹی آئی میں ایک طبقہ دہشت گردوں کا حامی ہے، بانی مزید پھنس گئے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کی میڈیا سے گفتگو کی ایک فائل فوٹو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں ایک طبقہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے تاہم پوری جماعت کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہوگی۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اس پرانے مؤقف پر تاحال قائم ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف پر بطور سیاسی جماعت پابندی عائد کی جائے گی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں نافذ کی گئی ہنگامی صورتحال اور گورنر راج کے حوالے سے ان کی پیشگوئیاں درست ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ اگر دی گئی مدت میں سے معمولی کام بھی کر دکھائے تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اب وہ قانونی اور سیاسی بحران میں مزید پھنس چکے ہیں اور جماعت کے اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔