خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی پر بالآخر نواز شریف کا بیان سامنے آگیا
امن و امان کی ابتر صورتحال، فیصلہ پہلے ہونا چاہیے تھا، لیگی قائد کی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی پر بالآخر نواز شریف کا بیان سامنے آگیا
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد یہ ان کا پہلا بیان ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی تھی اور حالات تیزی سے قابو سے باہر ہو رہے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا کے کس مہذب ملک میں کوئی وزیراعلیٰ سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرتا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وسائل کو اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کے خلاف استعمال کرنا کسی بھی آئینی اور جمہوری ضابطے کے خلاف ہے۔
سابق وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 13 سال کے دوران خیبرپختونخوا کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے صوبہ ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اب اس نااہل حکومت سے آزاد ہو چکے ہیں، اور اب صوبے کے عوام کو بھی حقیقی ترقی اور خوشحالی کا حق ملنا چاہیے۔
نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی همہ گیر ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔