پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئینی و قانونی طریقے سے ایمرجنسی لگائی ، بلاول بھٹو

دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متنازع نہ بنایا جائے، مولانا فضل الرحمن ایمرجنسی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں،کارساز کراچی میں میڈیا سے گفتگو اور جیالوں سے خطاب

October 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی نے ہمیشہ آئینی و قانونی طریقے سے ایمرجنسی لگائی ہے۔

کارساز کراچی میں میڈیا سے گفتگو اور جیالوں سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی تاریخ کا المناک واقعہ ہے۔ ہم سب کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اگر دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کریں گے تو پیپلز پارٹی کرے گی، پاکستان کے کسی بھی حصے سے کسی کو پاکستان کا جھنڈا اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے انتخابی اصلاحات کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن واقعی دہشت گردوں اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا خاتمہ چاہتی ہے تو آئے اور بات چیت کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صرف ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، جس کے باعث مجبوری کی حالت میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو متنازع بنانے کے بجائے اس کے خاتمے پر توجہ دینی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئینی اور قانونی طریقے سے ایمرجنسی لگائی ہے، مولانا فضل الرحمن کا حق ہے کہ وہ حکومت کی پالیسی پر تنقید کریں۔

انھوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متنازع نہ بنایا جائے، مولانا فضل الرحمن ایمرجنسی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں، مولانا اس سے انکار نہیں کرسکتے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوی موجود ہے۔