صلیب گرنے سے ہلاک پادری موت پر وعظ دے رہے تھے

ایکواڈور کے چرچ میں دلخراش حادثہ، لائیو اسٹریمنگ جاری تھی، موقع پر ہی موت واقع ہو گئی

October 20, 2026 · امت خاص
صلیب گرنے سے ہلاک پادری موت پر وعظ دے رہے تھے

صلیب گرنے سے ہلاک پادری موت پر وعظ دے رہے تھے

ایکواڈور کے ایک چرچ میں دعائیہ تقریب اور لائیو اسٹریمنگ کے دوران دیوار پر لٹکی ہوئی بھاری لکڑی کی صلیب گرنے سے پادری موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ پادری اس وقت موت پر وعظ دے رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس اور چرچ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے پادری پیٹریشیو الفریڈو سینٹرل ویکیریٹ کے چرچ آف پرپیچوئل ریلیف میں پیرش پادری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک بڑی پینٹنگ کے سامنے کھڑے ہو کر مذہبی تقریب کی ادائیگی اور لائیو اسٹریمنگ میں مصروف تھے۔

اس ناگہانی حادثے سے چند منٹ قبل پادری اپنے وعظ میں انسان کی فانی زندگی اور موت کا ذکر کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ لوگ اپنا قیمتی وقت فون اسکرول کرنے یا ٹیلی ویژن دیکھنے میں ضائع کر دیتے ہیں لیکن خُدا اور اپنے انتہائی قریبی لوگوں کے لیے بہت کم وقت نکالتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہم سب کو 1 دن مرنا ہے، اور خُدا کے ساتھ گزارے گئے وقت کے مقابلے میں دوسری چیزوں پر صرف کیے جانے والے وقت کی اہمیت بہت کم ہوتی ہے۔

وعظ کے دوران ہی اچانک دیوار سے الگ ہو کر بھاری صلیب پادری کے سر کے پچھلے حصے پر آگری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس دلخراش واقعے کی لائیو اسٹریمنگ ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس نے دیکھنے والوں کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔