کراچی میں بھی گیس مافیا بے لگام ، ایل پی جی 550 روپے فی کلو تک فروخت

ایل پی جی کا سرکاری نرخ 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر ہے، مافیا نے حکومتی رٹ کا جنازہ نکال دیا

October 20, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: شہر قائد میں گیس مافیا اور منافع خوروں نے قانون اور ضابطے کو پاؤں تتل روند ڈالا ۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ماہِ اکتوبر 2026 کے لیے ایل پی جی کا سرکاری نرخ 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کیا گیا تھا، تاہم کراچی کی مارکیٹ میں اس حکم نامے کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، مافیا نے ایل پی جی کی قیمت راتوں رات 550 روپے فی کلو کر دی۔

سرکاری نرخوں کے برعکس دنگ کردینے والے ان داموں نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی پکانا بھی محال کر دیا ہے، جبکہ دوسری طرف اوگرا اور ضلعی انتظامیہ خاموش اور بے بسی کی تصویر بنی عوام کے ارمانوں کا قتل عام دیکھ رہی ہے۔

رواں ماہ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت سرکاری فی کلو قیمت: 279 روپے 34 پیسے ،گھریلو سلنڈر (11.8 کلو گرام سرکاری نرخ کے حساب سے 3,296 روپے بنتا ہے

 کراچی کے بیشتر علاقوں (جیسے صدر، لیاری ، گلشنِ اقبال، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، ملیر اور ناظم آباد) میں دکاندار اور مافیا یہی گیس 500 سے 550 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر من مانے داموں فروخت کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ریگولیٹر ادارے اور مقامی انتظامیہ خود ریٹس پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو جائیں، تو مافیا عوام کی کھال ادھیڑنے میں آزاد ہو جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا محال کیا ہوا ہے تو دوسری طرف اوگرا کے مقرر کردہ 279 روپے کے نرخ کے بجائے 550 روپے وصول کرنا غریب عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور حکومتی رٹ کا جنازہ ہے۔

عوام، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرانفروشوں کا قبلہ درست کیا جائے: کراچی بھر میں اوگرا کے سرکاری نرخوں (279.34 روپے فی کلو) پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے۔

کمشنر کراچی اور ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری متحرک کیا جائے جو مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

 مصنوعی مہنگائی اور قیمتوں کو دگنا کرنے والے گیس ڈسٹریبیوٹرز اور مافیا کے خلاف فی الفور چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔