حکومت کی برخاستگی کا ذمے دار سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو لیک
علی امین گنڈاپور اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے پر مبنی آڈیو ریکارڈنگ منظرِ عام پر آ گئی، جس میں علی امین ، سلمان اکرم راجہ پر شدید برہم دکھائی دیتے ہیں
فائل فوٹو
پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی سلمان اکرم راجا سے متعلق مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ، جس میں انھوں نے حکومت کی برخاستگی کا ذمے دار سلمان اکرم راجہ کو قرار دیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی کے مرکزی سکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے پر مبنی ایک آڈیو ریکارڈنگ منظرِ عام پر آ گئی، جس میں علی امین ، سلمان اکرم راجہ پر شدید برہم دکھائی دیتے ہیں۔
لیک ہونے والی آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے حکومت کے خاتمے اور موجودہ مشکلات کا تمام تر ملبہ سلمان اکرم راجہ کی پالیسیوں اور حکمتِ عملی پر ڈال دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج ہم سلمان اکرم راجہ کی غلط پلاننگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، نہ تو ان کو مکمل اختیار ملا اور نہ ہی وہ کچھ ڈیلیور کر سکے۔
سابق وزیراعلیٰ کے متعلق سلمان اکرم راجہ کے حالیہ ٹوئٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گنڈا پور نے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا ٹوئٹ فوراً ڈیلیٹ کریں اور اپنے الزامات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کریں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ سلمان اکرم راجہ کو بارہا پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں بلایا جاتا ہے مگر وہ شرکت نہیں کرتے۔
علی امین نے واضح کیا کہ “ہم صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ان کی عزت کرتے ہیں، سمجھ نہیں آ رہی کہ ان کو یہ غلط باتیں کون فیڈ کر رہا ہے۔”
دوسری جانب سلمان اکرم راجہ نے اپنے ٹوئٹ اور بیان میں خیبرپختونخوا حکومت اور پارٹی تنظیم کے حوالے سے اہم نکات اٹھاتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے اندرونی اتفاقِ رائے پر غیر جمہوری فیصلہ سازوں کی جانب سے حملہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا بیانیہ بنایا جا رہا ہے جیسے 68 ارکان نئے وزیراعلیٰ کا اعلان کرنے والے ہیں اور انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ منقطع کر لیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے پشاور اور دیگر علاقوں کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی سازشی بیانیے پر یقین نہ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ “سہیل آفریدی قانون اور آئین کی رو سے آج بھی وزیراعلیٰ ہیں۔”
انہوں نے مزید واضح کیا کہ جنید اکبر کا تقرر بانی پی ٹی آئی نے خود کیا تھا اور وہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کے صدر ہیں، جبکہ ان کی عدم موجودگی میں علی اصغر قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔