میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
جے آئی ٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن 24 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا ، اجلاس میں فیصلہ
فائل فوٹو
کراچی: سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے قیام کا نوٹیفکیشن 24 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے میر رضا کیس کے حوالے سے قائم کابینہ کی سب کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی، کمیٹی میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو شامل ہیں۔
KARACHI (October 21, 2026): Sindh Chief Minister Syed Murad Ali Shah chairs a meeting with members of the Cabinet Sub-Committee constituted to examine the report of the Mir Raza Judicial Commission at CM House.#MirRaza pic.twitter.com/7dMA8h5t3O
— Sindh Chief Minister House (@SindhCMHouse) October 21, 2026
کمیٹی اراکین نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پر ہونے والے پہلے جائزہ اجلاس اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جائزہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر ابتدائی سفارشات مرتب کی گئی ہیں، کمیٹی اراکین نے یہ سفارشات وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دیں۔
جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کے علاوہ ایک اور تحقیقاتی ٹیم بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو کیس کی ابتدائی تفتیش کرنے والی ٹیموں کی غفلت اور لاپرواہی کی نشاندہی کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمیٹی کی تمام سفارشات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔