وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی

October 22, 2026 · اہم خبریں
وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پشاور میں اہم اجلاس جاری ہے، جس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری حکام شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور سکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں امن و امان کی بہتری، ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور متاثرہ علاقوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف اقدامات پر مشاورت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف خیبرپختونخوا کے لیے ایک اہم ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ تاہم مجوزہ پیکیج کے حجم اور اس میں شامل منصوبوں کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

پشاور آمد پر گورنر خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس اور چیف سیکریٹری نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کی اپنے مشیروں اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس کو خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینے اور صوبے کی ترقیاتی ترجیحات طے کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔