ایئر لائنز بھاگ گئیں، بھارت کے ہزاروں عمرہ زائرین سعودی عرب میں پھنس گئے
پروازوں کی منسوخی کے باعث مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پھنسے بھارتی عمرہ زائرین کی واپسی کے لیے اسد الدین اویسی کا خصوصی پروازیں چلانے کا مطالبہ
ایئر لائنز بھاگ گئیں، بھارت کے ہزاروں عمرہ زائرین سعودی عرب میں پھنس گئے
اسد الدین اویسی کے مطابق ان زائرین نے انڈیگو، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا کے ذریعے سفر کیا تھا، تاہم پروازوں کی منسوخی کے بعد انہیں وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت اور شہری ہوا بازی کے ادارے ڈی جی سی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ایئر لائنز کو بڑے طیاروں کے ذریعے پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ متاثرہ زائرین کو واپس لایا جا سکے۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو ان کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے۔
اویسی نے کہا کہ بعض زائرین کو ان کے ٹریول ایجنٹس نے بھی مناسب مدد فراہم نہیں کی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ معاملے میں فوری مداخلت کی جائے اور واپسی کے منتظر افراد کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
4,000 pilgrims from India are stuck in Makkah & Madina.They had flown via @IndiGo6E @AkasaAir @airindia but are now stuck there since these Airlines have cancelled their flights.@DGCAIndia must give these airline’s permission to run flights in larger aircraft’s so that these…
— Asaduddin Owaisi (@asadowaisi) October 22, 2026
اسد الدین اویسی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بھارتی وزرا ایس جے شنکر، کرن رجیجو اور رام موہن نائیڈو سمیت خارجہ سیکریٹری وکرم مصری کو بھی مخاطب کیا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور یمن کے حوثی گروپ کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں خطے میں فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔ پروازوں کی منسوخی اور عارضی معطلی کے باعث بھارت اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے متعدد مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
منورما آن لائن کی 17 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے ریاض، جدہ اور دمام کے لیے 24 اکتوبر تک بعض پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انڈیگو نے بھی ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ کے لیے اپنی بعض پروازیں معطل کی تھیں۔
ادھر جدہ میں بھارتی قونصل خانے نے متاثرہ شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے اور متعلقہ ایئر لائنز و ٹریول ایجنٹس سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ قونصل خانے کے مطابق متاثرہ مسافروں کی مدد کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔