خیرپور کے کنویں سے تیل اور گیس کی تجارتی پیداوار شروع
توانائی کا حصول، روزانہ 7 ملین مکعب فٹ گیس شامل، سپلائی میں اضافہ ہوگا۔
خیرپور میں تیل اور گیس کی پیداوار کا آغاز، او جی ڈی سی ایل کا تنصیبی ڈھانچہ۔
ملکی تیل اور گیس کے شعبے سے ایک اہم اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے جہاں سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع بیسل سینڈز لوئر گورو فارمیشن کے ‘برٹسم ایسٹ ون’ کنویں سے تیل اور گیس کی تجارتی پیداوار کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق اس کنویں سے روزانہ کی بنیاد پر 7 ملین مکعب فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس اور 200 بیرل تیل یا کنڈینسیٹ قومی سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ دستاویزات اور ترجمان کے بیان کے مطابق اس کنویں سے یکم اکتوبر کو تیل اور گیس کی دریافت عمل میں آئی تھی، جبکہ آنے والے دنوں میں یہاں سے پیداوار میں مزید اضافے کی بھی پُرجوش توقع کی جا رہی ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت کنویں کو سنجھورو پلانٹ سے ملانے کے لیے 28 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ نئی دریافت ہونے والی گیس سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کر کے فراہم کی جا رہی ہے، جو ملکی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ اس منصوبے میں او جی ڈی سی ایل 77.5 فیصد شیئرز کے ساتھ برٹسم ایسٹ ون کنویں کی آپریٹر کمپنی ہے جبکہ جی ایچ پی ایل کا حصہ 22.5 فیصد ہے۔ حکام کے مطابق یہ نئی پیداوار اور دریافتیں ملک کے اندرونی و مقامی توانائی کے وسائل کو فروغ دینے اور توانائی کے تحفظ کو تقویت دینے کی جاری کوششوں کا ایک اہم تسلسل ہیں۔