کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون قرار دینے کی منظوری
کراچی انڈسٹریل پارک میں برآمدات پر مبنی صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا ، وزارت خزانہ
فوتو سرکاری پریس ریلیز
اسلام آباد:خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز نے کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون قرار دینے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کا 11 واں اجلاس ہوا جس میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کراچی انڈسٹریل پارک میں برآمدات پر مبنی صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا جبکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، ویلیو ایڈیشن اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا بھی منصوبہ ہے۔
اجلاس میں نجی شعبے کے خصوصی اقتصادی زونز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتی فنڈنگ کے معیار کی منظوری دی گئی، نجی خصوصی اقتصادی زونز تک سڑکوں، یوٹیلیٹیز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیس ٹو کیس بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔
بورڈ آف اپروولز نے پنجاب میں سرکاری خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی اسٹیٹس کے لیے لینڈ لیز پالیسی بھی منظور کر لی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پنجاب میں صنعتی زمین طویل المدتی لیز پر فراہم کرنے سے سرمایہ کاری کے ابتدائی اخراجات کم ہوں گے جبکہ صنعتی زمین کے مؤثر استعمال اور برآمدی صلاحیت رکھنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس میں حکومت نے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ خصوصی اقتصادی زونز میں نجی شعبے کی شمولیت اور برآمدات پر مبنی پیداوار بڑھانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور پنجاب کے وزیر صنعت شافع حسین نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو اور منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لیے اقدامات کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بورڈ میں نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کرکے اسے مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے، منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے واضح اہداف، قابل پیمائش نتائج اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کے لیے جدید و مؤثر ویکسین کی پیداوار کا پلانٹ اسلام آباد میں قائم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں اور متعلقہ ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لائیوسٹاک کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، اسے برآمدات اور معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے، اس شعبے میں مہارت رکھنے والے ممالک کے ساتھ شراکت داری کو بھی فروغ دیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ جانوروں کی صحت، افزائش نسل، پیداوار اور ویلیو چین میں بہتری کے ذریعے پاکستان کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، جس سے دیہی معیشت اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ ملے گا۔
اجلاس میں بورڈ کی تنظیم نو، جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن، جانوروں کی شناخت و ٹریس ایبلٹی اور گوشت و ڈیری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔