اسلام آباد میں اپنی نوعیت کے پہلے تھیم پارک کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا
تاریخی تقریب، سعودی سرمایہ کاروں کی شراکت، سی ڈی اے اراضی فراہم کرے گا
قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد تھیم پارک منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی شخصیت شہزادہ منصور بن محمد السعود
لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے اور اپنی نوعیت کے انوکھے تھیم پارک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس اہم تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
دستاویزات اور تقریب میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق، سعودی عرب کے سرمایہ کار اس منصوبے کے لیے خطیر سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اس عظیم الشان منصوبے کی تعمیر کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے باضابطہ دستخط کیے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود اور ان کے وفد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں، اور اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو دنیا کے جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے تھیم پارک منصوبے کو ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اگلے چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے ایک بڑے روڈ شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، بالخصوص دارالحکومت اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین اور شاندار مواقع موجود ہیں۔ تقریب میں سی ڈی اے کے اعلیٰ ممبران اور سعودی وفد کے معزز اراکین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔