کورٹ میرج کے بعد لڑکی نے دوسرے شخص سے مبینہ نکاح کرلیا،پہلے شوہر کی درخواست پر بازیاب
کراچی کے علاقے مومن آباد کی کومل نے ایک برس پہلے کورٹ میرج کی تھی، والدہ نے بتایا دوسرے شخص ے بھی رابطہ ہوگیا، مدعی
کورٹ میرج کے بعد لڑکی نے دوسرے شخص سے مبینہ نکاح کرلیا،پہلے شوہر کی درخواست پر بازیاب
کراچی کے علاقے مومن آباد میں انویسٹی گیشن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کو بازیاب کر کے مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی مدعی کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی محمد عراف شاہد نے پولیس کو درج کرائی گئی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس نے تقریباً 1 سال قبل کومل نامی لڑکی سے کورٹ میرج کی تھی، تاہم نکاح کے بعد تاحال رخصتی عمل میں نہیں آئی تھی اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔
مدعی نے بیان کیا کہ 21 اکتوبر کو کومل کی والدہ نے اسے فون پر اطلاع دی کہ کومل صبح تقریباً 8 بجے گھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ جب اس معاملے کی مزید معلومات حاصل کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ لڑکی مبینہ طور پر امین ولد سلیم الدین کے رابطے میں تھی اور اس نے مبینہ طور پر دوسرا نکاح کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مدعی کی شکایت پر فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم نے مغویہ کومل کو بازیاب کرا لیا اور مقدمے میں نامزد ملزم امین ولد سلیم الدین کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔