شہباز شریف نے ملک بھر کے اسکول و مدارس کے 5 لاکھ طلبہ میں کروم بکس کی تقسیم شروع کردی
ڈیجیٹل دور کا فروغ، میرٹ پر کروم بکس دی جا رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب۔
شہباز شریف نے ملک بھر کے اسکول و مدارس کے 5 لاکھ طلبہ میں کروم بکس کی تقسیم شروع کردی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے اسکولوں اور دینی مدارس کے 5 لاکھ ہونہار اور قابل طلبہ میں کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے باضابطہ آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے قابل بچوں کو بااختیار بنانے کے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طلبہ کو کروم بکس کے ساتھ ایک اسکول بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی قید میں نہیں ہونا چاہئے، اور یہ تمام آلات مکمل شفافیت کے ساتھ صرف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ماضی میں بھی نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر کے طلبہ میں میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے، جبکہ موجودہ اسکیم کے تحت اگلے 2 سال میں 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن اور سمندر پار پاکستانیوں کے اس اقدام کو سراہا جنہوں نے ملک کے بچوں کی تعلیم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عطیات دیے۔
اس موقع پر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی طالبہ مہک صابر اور اورکزئی کے سید شمس رضا جیسے مستحق بچوں کے عزم کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، جو تمام تر مشکلات کے باوجود حصولِ علم میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل وسائل فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔