مسلم دنیا حوثی شدت پسندوں کی سرکوبی کیلیے مضبوط موقف اپنائے، او آئی سی
مقدس مقامات پر حملے، او آئی سی کا شدید اظہارِ مذمت، سعودی عرب سے یکجہتی کا اعادہ
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، طائف اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حوثی شدت پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے ان بزدلانہ کارروائیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میدانِ عرفات کے قریب وادی مغمس کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حوثی عناصر کو اسلامی مقدس مقامات کے احترام اور عام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا کوئی پاس نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی دراصل پوری مسلم امت پر حملہ ہے، اور مسلم دنیا کو حوثی باغیوں کی سرکوبی اور ان کی مجرمانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط اور ذمہ دارانہ موقف اپنانا ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کے ان حملوں کے خلاف عالمی برادری کی جانب سے فوری کارروائی اور اس میں ملوث تمام عناصر کا محاسبہ کیا جانا ناگزیر ہے۔ او آئی سی نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔