مری: بڑوہا چوک کے قریب گاڑی کھائی میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی؛ 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق، 7 زخمی
شادی کی تقریب سے واپس آنے والے خاندان کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔
حادثے میں زخمی خاتون
مری کے علاقے رکھالہ روڈ پر بڑوہا چوک کے قریب ایک افسوسناک اور دلخراش حادثے میں شادی کی تقریب سے واپس آنے والے خاندان کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔
تیز رفتار کیری بولان گہری کھائی میں جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت 7 افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ضلعی افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے سخت جدوجہد کے بعد گاڑی میں لگی آگ پر قابو پایا اور لاشوں و زخمیوں کو گہری کھائی سے باہر نکالا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق گاؤں ‘دھلہ’ سے ہے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔