خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

شہریوں میں خوف و ہراس، زلزلے کی شدت مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، تاحال کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

October 27, 2026 · اہم خبریں
زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پایا گیا (فائل فوٹو)

زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پایا گیا (فائل فوٹو)

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے یہ جھٹکے پشاور، سوات، مانسہرہ، ہری پور، لوئر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، شبقدر، پاراچنار، مردان اور وادی نیلم سمیت گردونواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید تشویش پائی گئی اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر کھلے آسمان تلے نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت مختلف مقامات پر 4.9 سے 5.3 کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 112 سے 120 کلومیٹر کے درمیان تھی جبکہ اس کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ اور تاجکستان کا علاقہ بتایا گیا ہے۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی بھی علاقے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام متاثرہ اضلاع میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔