خان آف قلات کے بیٹے شہزادہ محمد خان 3 ساتھیوں سمیت لاپتا ہوگئے
شہزادہ محمد خان کو رات کے وقت خضدار سے قلات میں اپنے گھر آ رہے تھے ، راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی روکی اور انھیں اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے
فائل فوٹو
کوئٹہ: بلوچستان کے پارلیمانی سیکریٹری برائے بہبود آبادی آغا عمر احمد زئی نے دعویٰ کیا ہے کہ خان آف قلات میر سلیمان داؤد کے بڑے صاحبزادے شہزادہ محمد خان بلوچستان کے ضلع خضدار سے قلات جاتے ہوئے 3 دیگر افراد سمیت لاپتہ ہو گئے ہیں۔آغا عمر احمد زئی خان آف قلات کے بھائی اور شہزادہ محمد خان کے چچا ہیں۔
سرکاری حکام اور خاندانی ذرائع کے مطابق شہزادہ محمد خان پیر اور منگل کی درمیانی شب خضدار سے قلات جا رہے تھے، تاہم وہ اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکے۔
آغا عمر احمد زئی نے بتایا کہ شہزادہ محمد خان کو رات کے وقت خضدار سے قلات میں اپنے گھر پہنچنا تھا، لیکن وہ وہاں نہیں پہنچے۔
آغا عمر احمد زئی کے مطابق بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ان کی رہائش گاہ آ کر اس معاملے پر ان سے بات چیت کی ہے۔
دوسری جانب قلات میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ شہزادہ محمد خان ایک گاڑی میں اپنے ڈرائیور اور دو ذاتی محافظوں کے ہمراہ خضدار سے قلات آ رہے تھے۔
اہلکار کے مطابق راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی روکی اور انھیں اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات اور شہزادہ محمد خان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔